Home » blog page » نیوز » وافلکس کے مالک کی لاش گلستانِ جوہر سے برآمد
نیوز

وافلکس کے مالک کی لاش گلستانِ جوہر سے برآمد

کراچی: شہر کے علاقے پی ای سی ایچ ایس سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والے 25 سالہ نوجوان تاجر میر رضا علی کی لاش گلستانِ جوہر بلاک 1 میں شادی قلعہ کے قریب جھاڑیوں سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کے جسم پر تشدد اور جلائے جانے کے نشانات موجود تھے، جبکہ ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں فائرنگ سے قتل کرنے سے قبل تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کے مطابق میر رضا علی، جو بہادر آباد کے قریب واقع وافلکس (Wafflix ) ڈیزرٹ آؤٹ لیٹ کے مالک تھے، 27 اور 28 جولائی کی درمیانی شب اپنے گھر سے مختصر وقت کے لیے باہر نکلے تھے لیکن واپس نہ آئے۔ اہل خانہ نے تلاش کے بعد ان کے اغوا کا مقدمہ فیروز آباد تھانے میں درج کرایا تھا۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ لاش ایک سے دو روز پرانی معلوم ہوتی ہے اور شناخت مقتول کے والد نے کپڑوں کی مدد سے کی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی شناخت کے لیے جائے وقوعہ کے اطراف نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد موت کی حتمی وجہ سامنے آئے گی۔