Home » blog page » بریکنگ نیوز » ہجوم کی نفسیات اور ٹک ٹاک کا سراب – کشف زاہرہ
بریکنگ نیوز

ہجوم کی نفسیات اور ٹک ٹاک کا سراب – کشف زاہرہ

زندگی میں کبھی آپ نے غور کیا ہے کہ جب ایک انسان اکیلا ہوتا ہے تو وہ کتنا سمجھدار ہوتا ہے؟
وہ سوچتا ہے، سمجھتا ہے، صحیح اور غلط میں فرق کرتا ہے۔ لیکن جیسے ہی وہی انسان ہزاروں کے بے ہنگم ہجوم میں شامل ہو جاتا ہے، اس کی اپنی عقل، اس کی اپنی سوچ ختم ہو جاتی ہے۔ اسے صرف بھیڑ کا حصہ بننا ہوتا ہے۔ ہجوم کی نفسیات یہی ہے کہ وہاں کوئی کسی کی نہیں سنتا، بس ہر کوئی آگے بڑھنا چاہتا ہے، چاہے اس کے لیے کسی معصوم کو گرانا پڑے۔

آج کل مفت انعامات کی تقریبات میں یہی ہوتا ہے، ایک اعلان ہوتا ہے اور ہزاروں لوگ اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دوڑ پڑتے ہیں۔اور یہی وہ مقام ہے جہاں ٹک ٹاک کا سراب ہمیں دھوکہ دیتا ہے۔ سراب جیسے صحرا میں دور سے پانی نظر آتا ہے لیکن حقیقت میں وہ صرف ریت ہوتی ہے۔ ٹک ٹاک نے بھی ہمیں ایسا ہی ایک چمکتا ہوا دھوکہ دیا ہے۔ اسکرین پر لاکھوں فالوورز، ہزاروں لائکس اور دلوں کو دیکھ کر ہمیں لگتا ہے کہ دنیا ہم سے محبت کرتی ہے، ہم بہت اہم ہیں۔ ہم اپنا قیمتی وقت، اپنی جوانی اسی سراب کے پیچھے لگا دیتے ہیں۔ لیکن ،حقیقت یہ ہے کہ یہ صرف ایک عدد ہے، ایک نمبر ہے۔ جب آپ اس ہجوم میں گر جاتے ہیں، تو یقین جانیں، اسکرین پر دل بھیجنے والا کوئی بھی ہاتھ آپ کو اٹھانے کے لیے آگے نہیں بڑھتا۔ سب آپ کو روندتے ہوئے اس مفت انعام کی طرف چلے جاتے ہیں۔لیکن یہاں سے مایوسی کی نہیں، امید کی بات شروع ہوتی ہے۔ ہمیں مایوس نہیں ہونا، بلکہ جاگنا ہے۔ ہمیں اس سراب سے نکل کر حقیقت کی طرف آنا ہے۔ ہماری اصل طاقت اس موبائل کی اسکرین میں نہیں، ہمارے اپنے اندر ہے۔ ہماری اصل فیملی وہ ہے جو ہمارے گھر میں ہمارا انتظار کر رہی ہے۔ ہمارے ماں باپ کی دعائیں، ہمارے بہن بھائیوں کی محبت، ہمارے استاد کی شفقت، یہی اصل رشتے ہیں، یہی اصل فالوورز ہیں جو دکھ میں ہمیں کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

آئیے آج ایک نیا عہد کریں۔ ہم ہجوم کا حصہ نہیں بنیں گے، ہم ہجوم کو راستہ دکھانے والے بنیں گے۔ ہم اپنا وقت ان لایعنی ویڈیوز میں ضائع کرنے کے بجائے کتاب پڑھیں گے، ہنر سیکھیں گے، اپنے والدین کے ساتھ بیٹھیں گے، اپنے مستقبل کے لیے محنت کریں گے۔ یاد رکھیں، ایک چھوٹا سا دیا بھی اندھیرے کو ختم کر دیتا ہے۔ اگر آج ہم میں سے ایک شخص بھی اس سراب سے نکل کر اپنی حقیقی زندگی کی طرف لوٹ آیا، تو سمجھیں میری یہ بات کرنا کامیاب ہو گیا۔ اپنی قدر پہچانیں، آپ ایک ہجوم نہیں، آپ ایک روشن مستقبل ہیں۔