Home » blog page » بلاگ » صنفِ نازک پر دہرا بوجھ – شگفتہ جہاں
بلاگ

صنفِ نازک پر دہرا بوجھ – شگفتہ جہاں

فاطمہ کی صبح فجر سے پہلے شروع ہوتی تھی۔ چولہا جلانا بچوں کا ناشتہ، ساس کی دوا شوہر کا ٹفن، اور پھر خود اسکول پہنچنا، جہاں وہ پچیس سال سے استانی تھی۔ دوپہر کو تھکی ہاری گھر لوٹتی تو کاپیوں کا ڈھیر ساتھ ہوتا اور باورچی خانہ انتظار میں۔

اسے کھانسی رہنے لگی تھی۔ پہلے ہلکی، پھر گہری۔ سینے میں کبھی کبھی چبھن سی اٹھتی۔ گھر میں کسی نے پوچھا نہیں، اور اس نے بتایا نہیں۔ کام نمٹ جائیں تو ڈاکٹر کے پاس چلی جاؤں گی،
وہ خود سے کہتی۔ مگر کام کبھی نمٹتے نہ تھے۔

ایک شام عائشہ نے ماں کو کاپیاں چیک کرتے کرتے میز پر سر رکھ کر سوتے دیکھا۔ ہاتھ میں قلم تھا اور چائے ٹھنڈی ہو چکی تھی۔ عائشہ نے آہستہ سے کاپیاں سمیٹیں اور ماں پر چادر ڈال دی۔ رات کھانے کے بعد اس نے باپ سے پوچھا،ابو، امی کب آرام کرتی ہیں۔

باپ کے پاس جواب نہ تھا۔ دادی اماں نے آہستہ سے کہا، “بیٹا، عورت کو اللہ نے نازک بنایا ہے، مگر ہم نے اسے دوہری مشقت تلے دبا دیا۔ نبی کریم ﷺ گھر کے کاموں میں ہاتھ بٹاتے تھے۔ جب سنتِ نبوی یہی ہے تو ہم کون ہوتے ہیں گھر کا کام صرف عورت پر ڈالنے والے؟

باپ نے نظریں جھکا لیں۔ “امی، آپ سچ کہتی ہیں۔ ہم نے کبھی سوچا ہی نہیں کہ فاطمہ دو نوکریاں کر رہی ہے۔”

مگر کل سے پہلے ایک رات باقی تھی۔ اسی رات فاطمہ کی کھانسی اٹھی تو رکنے کا نام نہ لیا۔ وہ پانی لینے اٹھی، دو قدم چلی اور دروازے کے پاس گر پڑی۔ گلاس ٹوٹنے کی آواز پر سب بھاگے۔ شوہر نے اسے بازوؤں میں اٹھایا تو اس کا ماتھا تپتا ہوا تھا۔ اسپتال کی راہداری میں عائشہ دادی کا ہاتھ تھامے بیٹھی رہی اور باپ دیوار سے ٹیک لگائے ہر آتے جاتے ڈاکٹر کا چہرہ تکتا رہا۔

ڈاکٹر باہر آیا۔ نمونیہ بڑھ چکا ہے۔ اگر کچھ دن اور دیر ہو جاتی تو بچانا مشکل ہوتا۔ اب علاج شروع ہو گیا ہے، دعا کیجیے۔

فاطمہ تین دن بےہوشی اور بخار کے درمیان رہی۔ ان تین دنوں میں باپ نے پہلی بار جانا کہ اس کے بغیر گھر کیسا لگتا ہے۔ عائشہ نے ناشتہ بنایا، بھائی کو تیار کیا، دادی نے دوائیں سنبھالیں اور باپ نے رات بھر جاگ کر برتن بھی دھوئے اور دعائیں بھی مانگیں۔

چوتھی صبح فاطمہ نے آنکھیں کھولیں۔ سرہانے عائشہ بیٹھی تھی، آنکھیں سوجی ہوئی۔ فاطمہ نے مدھم آواز میں کہا، بیٹا… کاپیاں؟

عائشہ ہنس پڑی اور اس کی آنکھوں سے آنسو بہہ نکلے۔ “امی، کاپیاں آپ کی ساتھی استانیاں چیک کر رہی ہیں۔ اور گھر . گھر ہم سب مل کر سنبھال رہے ہیں۔

باپ آگے بڑھا، اس کا ہاتھ تھاما اور بھرائی آواز میں بولا، “فاطمہ، مجھے معاف کر دو۔ ہم نے تمہاری خاموشی کو تمہاری طاقت سمجھ لیا تھا۔ اب سے تمہاری تھکن ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

فاطمہ نے کمزور سی مسکراہٹ کے ساتھ کہا،دیر سے سہی، مگر سن تو لیا۔

اسپتال سے لوٹی تو گھر بدلا ہوا تھا۔ باورچی خانے میں شوہر چائے بنا رہا تھا، عائشہ نے دیوار پر کاموں کا چارٹ لگا رکھا تھا جس میں ہر نام کے آگے کوئی نہ کوئی ذمہ داری لکھی تھی، حتیٰ کہ دادی کے نام کے آگے “سب کو دعائیں دینا”۔ میز پر کاپیوں کے ساتھ اب ایک پیالی گرم چائے بھی رکھی ہوتی، اور فاطمہ کے لیے ہر شام آدھا گھنٹہ صرف اپنا طے تھا۔

کئی مہینے بعد ایک شام فاطمہ برآمدے میں بیٹھی ڈوبتا سورج دیکھ رہی تھی۔ عائشہ پاس آ بیٹھی اور پوچھا، امی اب آرام کر رہی ہیں نا

فاطمہ نے بیٹی کے سر پر ہاتھ رکھا اور مسکرا کر بولی، ہاں بیٹا۔ اب کام ختم ہونے کا انتظار نہیں کرتی۔ آرام کام کے ساتھ ساتھ چلتا ہے، جب گھر والے ساتھ ہو خاموشی سے سہنے والوں کی تھکن پوچھنا ہم سب پر فرض ہے۔ شکر ہے کہ کبھی کبھی وقت رہتے آنکھ کھل جاتی ہے، اور جب بوجھ مل کر اٹھایا جائے تو گھر واقعی سکون کی جگہ بن جاتا ہے۔