باپ وہ چھت ہے جو سورج کی تپش، اولوں کی بارش اور سردی کے قہر کو اپنے اوپر سہہ لیتی ہے، مگر اپنے سائے میں رہنے والوں کو ہر مشکل اور مصیبت سے محفوظ رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔ باپ کا رشتہ محبت، شفقت، عزت اور قربانی کا ایک حسین امتزاج ہے۔اس رشتے کی اہمیت اور محبت کی ایک نمایاں مثال حضرت ابراہیم علیہ السلام کی زندگی میں بھی ملتی ہے، جو اللہ رب العالمین کے عظیم الشان پیغمبر تھے۔
اپنے والد کے شرک پر قائم ہونے کے باوجود، ان سے محبت کے باعث آپ نے ان کے لیے مغفرت کی دعا کا وعدہ کیا، تاہم جب اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس معاملے کی حقیقت واضح ہوئی تو آپ نے اس وعدے سے براءت کا اظہار کر دیا۔ یہ واقعہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ باپ کا رشتہ انسانی فطرت میں کس قدر گہری اہمیت رکھتا ہے۔مگر بدقسمتی سے گزشتہ چند برسوں سے پاکستانی میڈیا میں اس مقدس اور عظیم رشتے کو ایک سخت گیر، ظالم اور نفسیاتی مریض کے طور پر پیش کرنے کا رجحان بڑھتا دکھائی دیتا ہے۔ انسانی کردار میں موجود اچھائیوں اور برائیوں کو اس عظیم رشتے سے اس طرح جوڑ دینا کہ باپ کا کردار ہی مشکوک اور قابلِ نفرت بن جائے، کسی بھی طرح مناسب نہیں۔
آپ پاکستان کے متعدد ڈراموں کا جائزہ لے لیجیے، وہاں اکثر باپ کو اپنی اولاد کی خوشیوں، اور کامیابیوں کا مخالف دکھایا جاتا ہے۔ کبھی وہ بیٹی کی تعلیم میں رکاوٹ بنتا ہے، کبھی اس کی جائز خواہشات کا دشمن بن جاتا ہے اور کبھی اسے ایک ایسے ظالم انسان کے طور پر پیش کیا جاتا ہے جس سے اولاد کو ہر وقت خطرہ لاحق رہتا ہے۔ یقیناً حقیقی زندگی میں ایسے باپ بھی موجود ہو سکتے ہیں، لیکن چند منفی کرداروں کی بنیاد پر باپ کے پورے رشتے کو منفی رنگ دینا کہاں کی دانش مندی ہے؟
یہ محض ڈراموں کی کہانیاں نہیں بلکہ ان کے مسلسل اور یک طرفہ اثرات معاشرے کے خاندانی نظام کو بھی متاثر کر سکتے ہیں۔ جب کسی رشتے کی منفی تصویر بار بار دکھائی جائے تو نئی نسل کے ذہنوں میں اس رشتے کے بارے میں بدگمانی پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ ڈرامہ نگار حضرات جب یہ کہتے ہیں کہ وہ اپنی کہانیاں حقیقی زندگی سے لیتے ہیں تو ان سے یہ سوال ضرور پوچھا جانا چاہیے کہ کیا حقیقی زندگی کی نمائندگی صرف برائیوں، بغاوتوں اور رشتوں کی تلخیوں کو دکھانے ہی سے ہوتی ہے؟ کیا محبت، قربانی، تربیت اور خلوص ہماری زندگیوں کا حصہ نہیں؟
یہ بات بھی قابلِ غور ہے کہ والدین کی ذمہ داریوں، اولاد کی آزادی اور معاشرتی اقدار کے درمیان توازن دکھانا بھی ڈرامہ نگاروں کی ذمہ داری ہے۔ اگر کوئی باپ اپنی اولاد پر ظلم کرتا ہے تو اس ظلم کو ضرور دکھایا جانا چاہیے، لیکن اس کے ساتھ یہ بھی واضح ہونا چاہیے کہ ظلم کسی رشتے کی پہچان نہیں بلکہ ایک غلط رویہ ہے۔مثلاً جب ایک باپ اپنی بیٹی کی حفاظت، تعلیم اور مستقبل کے لیے فکر مند ہوتا ہے تو اسے محض تنگ نظر یا قدامت پسند قرار دینا درست نہیں۔ اگر کوئی باپ اپنی بیٹی کے رات گئے غیر محفوظ ماحول میں جانے یا مخلوط محفلوں میں شرکت پر تحفظات رکھتا ہے تو اس کے خدشات کو بھی سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اسی طرح بیٹی کی رائے، تعلیم اور جائز خواہشات کا احترام بھی ضروری ہے۔ افسوس کہ مغرب کی اندھی تقلید کرنے والا میڈیا بعض اوقات مغربی طرزِ زندگی کو ترقی اور آزادی کی آخری منزل بنا کر پیش کرتا ہے، لیکن اس طرزِ زندگی کے پیچیدہ معاشرتی مسائل پر توجہ نہیں دیتا۔ ، تنہا والدین کی ذمہ داریاں، خاندانی تنہائی اور بزرگوں کی دیکھ بھال جیسے مسائل موجود ہیں۔
کیا پاکستانی میڈیا ہمارے معاشرے میں ایسے خاندانی رویوں کو فروغ دینا چاہتا ہے جن میں رشتوں کا اعتماد کمزور اور والدین و اولاد کے درمیان فاصلے بڑھ جائیں؟ کیا ہم ترقی کے نام پر اپنے خاندانی نظام کی مضبوط بنیادوں کو نظر انداز کر دیں؟ یہ وہ سوالات ہیں جن پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔اگر پاکستانی میڈیا واقعی معاشرے کی اصلاح اور رہنمائی کا کردار ادا کرنا چاہتا ہے تو اسے چاہیے کہ وہ رشتوں کی خوب صورتی، والدین کی قربانیوں، اولاد کی ذمہ داریوں اور باہمی احترام کو بھی اپنی کہانیوں کا حصہ بنائے۔ ڈرامے صرف تفریح کا ذریعہ نہیں ہوتے بلکہ وہ معاشرتی سوچ اور رویوں پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں، اس لیے ان کے ذریعے پیش کیے جانے والے کرداروں اور پیغامات کے بارے میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے۔تمام اہلِ شعور پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ رشتوں کی تحقیر اور یک طرفہ منفی عکاسی پر سوال اٹھائیں، ایسے مواد پر تنقید کریں اور ضرورت پڑنے پر اس کا بائیکاٹ بھی کریں۔
کیونکہ باپ صرف ایک رشتہ نہیں، ایک احساس، ایک تحفظ اور ایک ایسی چھت ہے جس کی قدر اکثر اس وقت محسوس ہوتی ہے جب انسان زندگی کی تیز دھوپ میں تنہا کھڑا ہوتا ہے۔ اس رشتے کی عزت اور اہمیت کو برقرار رکھنا صرف اولاد ہی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے۔





















Add Comment