Home » blog page » بلاگ » وہ کیا گردُوں تھا تُو جس کا ہے اک ٹوٹا ہوا تارا – شگفتہ جہاں
بلاگ

وہ کیا گردُوں تھا تُو جس کا ہے اک ٹوٹا ہوا تارا – شگفتہ جہاں

کبھی اے نوجواں مسلم! تدبّر بھی کِیا تُو نے
وہ کیا گردُوں تھا تُو جس کا ہے اک ٹوٹا ہوا تارا

یہ وہ امتِ مسلمہ تھی جو ایک جسم کی مانند تھی، کہ ایک حصے کو تکلیف پہنچتی تو پورا وجود بے چین ہو جاتا۔ یہ وہ مسلم قوم تھی جس کی ہیبت سے سلطنتیں لرز اٹھتی تھیں۔ اسی قوم کے سپہ سالار صلاح الدین ایوبیؒ نے بیت المقدس فتح کیا تو دشمن سے انتقام نہ لیا، بلکہ عام معافی کا اعلان کیا۔ مسجدِ اقصیٰ کے مینار مدتوں اذانوں سے گونجتے رہے۔

مگر آج وہی فلسطین، جہاں انبیاء کے قدم پڑے، دھوئیں اور راکھ کی چادر اوڑھے کھڑا ہے۔ غزہ کی گلیوں میں ملبے سے جھانکتے کھلونے ہیں، اور کوئی ننھا بچہ اپنے بابا کا ہاتھ ڈھونڈتا ہے تو ہاتھ کی جگہ ملبہ پاتا ہے۔ جبکہ ہم موبائل کی روشن اسکرین میں کھوئے ہوئے ہیں۔ اور ستم یہ ہے کہ آج امتِ مسلمہ کے بڑے بڑے ملک، جن کے پاس وسائل بھی ہیں اور طاقت بھی، خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ ان کی خاموشی مظلوموں کی چیخوں سے زیادہ بلند محسوس ہوتی ہے۔ کیا یہ درد ہمارے دلوں کو نہیں جھنجھوڑتا؟ایسے ہی زوال کے دور میں علامہ اقبال اٹھے۔

غلامی کی لمبی رات میں ان کی صدا ایک جلتے چراغ کی طرح تھی جو سوئی ہوئی امت کو صبحِ نو کا پتا دیتی تھی۔ انہوں نے نوجوان کو خودی کا پیغام دیا کہ اپنی ذات کو پہچانو، اپنے رب پر یقین رکھو اور اپنی قوم کا سہارا بنو۔ وہ جانتے تھے کہ جو قوم اپنی خودی کھو دے، وہ زنجیروں کو مقدر سمجھ لیتی ہے، اور جو اسے پا لے، وہ پہاڑوں کا رخ موڑ دیتی ہے۔ وہ نوجوان کو شاہین کہتے تھے، جس کی پرواز آسمانوں سے آگے ہے۔

اے نوجوان! یہ شعر تجھے شرمندہ کرنے نہیں جگانے آیا ہے۔ تیرے ہاتھ کا موبائل علم کا دروازہ بھی بن سکتا ہے اور مظلوم کی آواز بھی۔ تیرا قلم تلوار سے کم نہیں، اگر سچ لکھے۔

نہیں ہے نا امید اقبال اپنی کشتِ ویراں سے
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بہت زرخیز ہے ساقی

ہر رات کے بعد سحر ہے اور ہر ظلم کی ایک میعاد ہے۔ اگر نوجوان علم، اتحاد اور ایمان کو اپنی طاقت بنا لیں تو وہ دن دور نہیں جب مسجدِ اقصیٰ میں پھر اذان گونجے گی اور غزہ کے بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ لوٹ آئے گی۔ ٹوٹا ہوا تارا پھر چمکے گا، بس شرط یہ ہے کہ ہم جاگ جائیں۔