Home » blog page » انٹرٹینمنٹ کی دنیا » خط برائے ڈائیریکٹر پیمرا – شگفتہ کریم
انٹرٹینمنٹ کی دنیا • بلاگ

خط برائے ڈائیریکٹر پیمرا – شگفتہ کریم

بخدمت جناب ڈائریکٹر جنرل، پیمرا (PEMRA)

موضوع: ڈرامہ ’’حرمت‘‘ میں حجاب اور پردے کا مذاق اڑانے والے مناظر پر نظرِ ثانی اور کارروائی کی درخواست

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!

محترم جناب!

رونا اس وقت آیا جب ہم ٹی وی پر نشر ہونے والا ڈرامہ ’’حرمت‘‘ اپنے بچوں کے ساتھ بیٹھ کر دیکھ رہے تھے، جس کا نام تو بہت ہی پاکیزہ ہے، مگر اس کے بعض مناظر انتہائی افسوس ناک ہیں۔

پردے اور برقعے کے حوالے سے جب دو دوست اپنی ایک دوست کا مذاق اڑاتی ہیں کہ چار میٹر کا برقعہ پہننے والی یہ لڑکی گھر سے تعلیم حاصل کرنے کے لیے نکلتی ہے، تو یہ منظر نہایت تکلیف دہ محسوس ہوا۔ تعلیم حاصل کرنا ہر عورت کا حق ہے اور اسلام بھی علم حاصل کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ کسی عورت کا پردے میں رہتے ہوئے تعلیم حاصل کرنا قابلِ مذاق نہیں، بلکہ قابلِ احترام عمل ہے۔

ہماری درسگاہوں میں بھی ایسی لڑکیاں، جو خود کو مکمل طور پر ڈھانپ کر، یعنی عبایا پہن کر آتی ہیں، اکثر مذاق کا نشانہ بنتی ہیں۔ کیا ایک لڑکی کا پردے میں رہ کر تعلیم حاصل کرنا ممکن نہیں؟ کیا اپنی مذہبی اقدار اور حیا کو برقرار رکھتے ہوئے تعلیم حاصل کرنا کوئی ایسی بات ہے جس کا مذاق اڑایا جائے؟

جنابِ والا! میں آپ سے یہ عرض کرنا چاہوں گی کہ اسلام میں حجاب اور پردہ محض لباس کا معاملہ نہیں، بلکہ یہ دین، عقیدے، شرم و حیا اور اسلامی اقدار سے وابستہ ہے۔ اس لیے ایسے حساس معاملات کو ڈراموں میں پیش کرتے وقت احتیاط اور ذمہ داری کا احساس کرنا انتہائی ضروری ہے۔

میری آپ سے مؤدبانہ درخواست ہے کہ ڈرامے کے ان مناظر اور مکالموں کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے اور پیمرا کے ضابطۂ اخلاق کے تحت اس ڈرامے، متعلقہ چینل اور ذمہ داران کے خلاف مناسب کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ مستقبل میں کسی بھی مذہبی اور معاشرتی قدر کو تفریح کے نام پر مذاق کا موضوع نہ بنایا جائے۔

جناب! پاکستان ایک اسلامی ملک ہے اور کلمۂ طیبہ کی بنیاد پر وجود میں آیا ہے۔ ہمیں یہ زیب نہیں دیتا کہ ہمارے ملک اور اس کی اسلامی اقدار کو ایسے موضوعات کی وجہ سے دوسرے ممالک میں بحث کا موضوع بنایا جائے۔

امید ہے کہ آپ میری اس گزارش پر سنجیدگی سے توجہ دیں گے اور اس معاملے میں مناسب اقدامات اٹھائیں گے۔

شکریہ

ایک ذمہ دار شہری،
شگفتہ کریم