Home » blog page » بلاگ » کب تک عوام قربانی کا بکرا بنتی رہے گی؟ – خیرالنساء بلوچ
بلاگ

کب تک عوام قربانی کا بکرا بنتی رہے گی؟ – خیرالنساء بلوچ

ایک دن ٹی وی پر نیوز آئی کہ بجلی مہنگی ہو گئی، کیونکہ ملک میں بجلی کی کمی ہے۔ اب 24 گھنٹوں میں سے 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ بھی ضروری ہے۔پھر اچانک کچھ لوگ اٹھے، جو اسمبلی میں بھی نہیں بیٹھتے تھے، نہ بڑی گاڑیوں میں سواری کرتے تھے اور نہ ہی بڑے بڑے محلوں میں نوکروں کی فوج ان کے آگے پیچھے گھومتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی اس لیے مہنگی ہو گئی ہے کہ جن کمپنیوں کو بجلی پیدا کرنے کے لیے پیسے دیے جا رہے ہیں، وہ پیسے تو لیتی ہیں مگر بجلی نہیں دیتیں۔

انہوں نے عوام سے کہا کہ اس دکان کو بند ہونا چاہیے جو پیسے پورے لیتا ہے مگر سودا نہیں دیتا۔یوں ہر پاکستانی کو پتا چلا کہ اس کی بجلی کی قیمت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ آئی پی پیز بھی ہیں، جن کے بارے میں یہ سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں کہ ان کے ساتھ کیے گئے معاہدوں اور ادائیگیوں کا عوام پر کتنا بوجھ پڑ رہا ہے۔پھر خطے میں جنگ شروع ہوئی تو ٹی وی پر ایک بار پھر خبر آئی کہ پٹرول مہنگا کرنا پڑے گا، کیونکہ جنگ ہے اور ہمیں پٹرول مہنگا مل رہا ہے۔عوام ایک بار پھر خوشی خوشی قربانی کا بکرا بن گئی۔ کچن میں دال، سبزی آدھی آنے لگی، بچوں کا دودھ چھڑوانا پڑا۔ آنے جانے کے لیے جو رکشہ استعمال کرتا تھا، وہ پبلک ٹرانسپورٹ کے دھکے کھانے لگا۔ طالب علم سمسٹر چھوڑنے لگے، کیونکہ شاید وہ فیس کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتے تھے۔مگر شاید وہ بھول گئے تھے کہ ان کے آس پاس ایک سرپھروں کا ٹولہ رہتا ہے، جو ان کے دکھ کو کہے بغیر سمجھ لیتا ہے۔جب سیلاب میں یہ ڈوبتے ہیں تو یہ ان کے لیے کشتی بن جاتے ہیں، زلزلے سے لرزتے ہیں تو ان کا سائبان بن جاتے ہیں۔ بدلے میں یہی لوگ مذاق کا نشانہ بنتے ہیں، انہیں اسٹیبلشمنٹ کی بی ٹیم کے طعنے سننے پڑتے ہیں، مگر وہ پھر بھی پیچھے نہیں ہٹتے۔

اس بار بھی آ کر انہوں نے اس قوم کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا کہ اٹھو! مہنگے پٹرول کی قیمت تو دو، مگر پٹرول پر عائد ناجائز یا غیرضروری بوجھ کے خلاف بھی آواز اٹھاؤ۔پورا پاکستان حیران و پریشان تھا کہ بھلا جن لوگوں کو ہم نے اسمبلیوں میں اپنے حقوق کی حفاظت کے لیے بٹھایا، وہی ہم سے مزید بوجھ کیوں برداشت کرواتے ہیں؟
بھتا تو غنڈے لیتے ہیں، بھتا تو ناجائز ہوتا ہے!
پھر ان سرپھروں نے نہ گرمی کی پروا کی، نہ بارش کی۔ شہر شہر، گاؤں گاؤں جا کر مظلوموں کو بتایا۔ رکشہ ڈرائیور سے لے کر بائیکیا چلانے والے تک، سبزی فروش سے لے کر دودھ فروش تک، استاد سے لے کر ڈاکٹر تک، سب کو بتایا کہ جائز ٹیکس دو، مگر ناجائز بوجھ کے خلاف آواز اٹھاؤ۔ان کی مسلسل محنت اور کوشش سے یہ جدوجہد آج ایک اہم مرحلے میں داخل ہو رہی ہے، جہاں شہرِ اقتدار میں لوگ اپنے حقوق کے لیے اکٹھے ہو رہے ہیں۔ایوانِ اقتدار سے لے کر دانشور طبقے کی محفلوں تک ایک ہی بحث سنائی دے رہی ہے کہ پٹرولیم لیوی کا بوجھ عوام پر کیوں ڈالا جا رہا ہے اور اس کے استعمال کا حساب کیا ہے؟

جماعتِ اسلامی کا اسلام آباد کا دھرنا اسی عوامی شعور کی ایک شکل ہے، جہاں پٹرولیم لیوی اور عوام پر پڑنے والے معاشی بوجھ کے خلاف آواز اٹھائی جا رہی ہے۔ جماعتِ اسلامی اعداد و شمار کے ذریعے عوام کو یہ سمجھانے کی کوشش کر رہی ہے کہ لیوی کیا ہے، کیوں وصول کی جاتی ہے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم کہاں خرچ ہوتی ہے۔اب جماعتِ اسلامی کا یہ دھرنا محض ایک سیاسی جماعت کے احتجاج کے طور پر نہیں دیکھا جا رہا، بلکہ اس نے عوام کے معاشی مسائل اور ان کے حقوق کے حوالے سے ایک وسیع بحث کو جنم دیا ہے۔یہ احتجاج اور یہ دھرنے اس امید کی ایک علامت ہیں کہ آج بھی پاکستان کی سیاست میں ایسے لوگ موجود ہیں جو عوام کے مسائل کو سمجھنے اور ان کے لیے آواز اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔کیونکہ سوال صرف پٹرول مہنگا ہونے کا نہیں، سوال یہ ہے کہ عوام آخر کب تک ہر مشکل کا بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھاتی رہے گی؟