9 نومبر آتا ہے تو ہم اسکولوں میں تقریریں کر لیتے ہیں، اسٹیٹس لگا لیتے ہیں، ایک تصویر لگا کر لکھ دیتے ہیں ’’Happy Iqbal Day‘‘ اور پھر بھول جاتے ہیں۔لیکن کبھی سوچا ہے، یہ پاکستان جس میں ہم رہ رہے ہیں، کیا یہی وہ پاکستان تھا جس کا خواب اقبال نے دیکھا تھا؟
اقبال نے کوئی زمین کا ٹکڑا نہیں مانگا تھا۔ اقبال نے ایک *فکر* مانگی تھی۔ ایک ایسی ریاست جہاں غریب کا کاسہ نہ ٹوٹے، جہاں فقیر کو دھتکارا نہ جائے، جہاں مسلمان غلامی سے نکل کر شاہین بن جائے۔آپ نے وہ واقعہ سنا ہے؟
بچپن میں اقبال اسکول سے آئے، دروازے پر ایک فقیر کھڑا تھا جو ٹل ہی نہیں رہا تھا۔ چھوٹے اقبال نے غصے میں اس کے کاسے پر چھڑی مار دی۔ کاسہ ٹوٹ گیا، ساری ریزگاری بکھر گئی۔اندر سے والد شیخ نور محمد آئے۔ انہوں نے ریزگاری اکٹھی کر کے فقیر کو دی، اور پیسے دیے، معذرت کی اور اس کو رخصت کیا۔ پھر اقبال کو بازو سے پکڑ کر اندر لے گئے۔اقبال کہتے ہیں، میں نے ساری زندگی اپنے والد کو اس طرح بلک بلک کر روتے نہیں دیکھا تھا۔
والد نے بٹھا کر کہا:
’’اقبال! اگر قیامت کے دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پوچھ لیا کہ تیرا بیٹا فقیروں کے کاسے توڑتا تھا، تو بتا، میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو کیا جواب دوں گا؟‘‘
بس، وہی لمحہ اقبال کی تربیت کا لمحہ تھا۔وہی بچہ بڑا ہو کر کہتا ہے:
’’حضور! آپ کا نام، آپ کی محبت میں نے اپنے باپ سے سیکھی ہے۔‘‘اور پھر ساری زندگی وہی خوف اس کے کلام میں رہا:
غنی از ہر دو عالم من فقیر
روزِ محشر عذر ہائے من پذیر
حسابم ناگزیر از نگاہِ مصطفیٰ پنہاں بگیر
یعنی مالک! تو غنی ہے، میں تیرا فقیر ہوں، میرا حساب نہ لینا، اور اگر لینا ہی ہے تو مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سامنے نہ لینا، میں حضور کو کیا منہ دکھاؤں گا؟یہ تھا اقبال کا پاکستان!
وہ اقبال آج زندہ ہوتا تو کیا دیکھتا؟
وہ دیکھتا کہ ہم نے اس کے شاہین کو پنجرے میں بند کر دیا ہے۔ وہ شاہین جو آسمانوں کی پرواز کے لیے تھا، آج ٹک ٹاک کی ویڈیو اور موبائل کی اسکرین میں قید ہے۔
وہ دیکھتا کہ جس قوم کو اس نے کہا تھا:
خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے
خدا بندے سے خود پوچھے، بتا تیری رضا کیا ہے
وہ قوم آج دوسروں سے پوچھتی ہے، بتا میری تقدیر کیا ہے؟
وہ دیکھتا کہ جس پاکستان کو اس نے لا الٰہ الا اللہ کی بنیاد پر کھڑا کرنے کا خواب دیکھا تھا، وہاں آج غریب کا کاسہ پھر ٹوٹ رہا ہے۔ مہنگائی نے، رشوت نے، ظلم نے، ناانصافی نے فقیر کا کاسہ پھر بکھیر دیا ہے۔اور افسوس یہ ہے کہ آج شیخ نور محمد جیسے باپ کم ہو گئے ہیں جو بچے کا ہاتھ پکڑ کر کہیں:
’’بیٹا! یہ ظلم مت کر، کل حضور کو کیا جواب دوں گا؟‘‘
اگر آج اقبال زندہ ہوتے تو وہ ہم سے جلسے نہیں مانگتے، وہ ہم سے ایک سوال کرتے:
’’میں نے تمہیں خواب دیا تھا، تم نے اس خواب کی تعبیر کیا کی؟‘‘
اور ہمارے پاس جواب نہیں ہوتا۔کیونکہ اقبال کا خواب صرف جھنڈا لہرانا نہیں تھا، اقبال کا خواب کردار بنانا تھا۔اقبال کا پاکستان وہ ہے جہاں:
– باپ بیٹے کو یہ سکھائے کہ کمزور پر ظلم نہ کر۔
– استاد شاگرد کو یہ سکھائے کہ علم صرف نوکری کے لیے نہیں، امت کے لیے ہے۔
– جوان یہ سمجھے کہ وہ شاہین ہے، کوا نہیں۔
9 نومبر صرف چھٹی کا دن نہیں ہے۔ یہ اپنے آپ سے سوال کرنے کا دن ہے۔آج پھر اپنے دل سے پوچھیں، اگر اقبال آج ہماری گلی، ہمارے اسکول، ہمارے گھر کو دیکھ لیں تو کیا وہ خوش ہوں گے؟اگر جواب نہیں ہے، تو ابھی بھی وقت ہے۔اقبال کو خراجِ تحسین یہ نہیں کہ ہم اس کی شاعری پر تالیاں بجائیں، اقبال کو خراجِ تحسین یہ ہے کہ ہم اس کے خواب والے مسلمان بن جائیں۔ وہ مسلمان جو دل نہیں توڑتا، دل جوڑتا ہے۔
اللہ کرے اقبال کا خواب پھر سے زندہ ہو جائے، اور وہ خواب ہم سے شروع ہو!





















Add Comment