دس، پندرہ سال پیچھے جائیں تو ہمیں اپنی گلی محلوں میں شام کے وقت بچوں اور نوعمر نوجوانوں کی ٹولیاں مختلف صحت مند کھیلوں میں مشغول نظر آتی تھیں۔ کہیں کوئی کرکٹ کھیل رہا ہوتا تھا، کہیں فٹبال، تو کہیں بزرگوں کی ٹولی کے آس پاس منڈلاتے نوجوان اور بچے ان کے قصے اور کہانیاں سنتے نظر آتے تھے۔وقت بہت تیزی سے گزرنے والی چیز ہے اور گزرتا ہوا وقت ہر چیز کے خد و خال بدل دیتا ہے، مگر اگر بنیادیں مضبوط ہوں تو لوگوں، عمارتوں اور چیزوں کی ساخت میں تبدیلی کم ہی نظر آتی ہے۔
پچھلے ،دس، پندرہ سالوں میں اس گزرتے ہوئے وقت نے جہاں بہت ساری چیزوں کی شکلیں بدلیں، وہیں ہمارے بچوں اور نوجوانوں کی شخصیات پر بھی بری طرح اثر انداز ہوا۔ گزرتے وقت نے ہماری زبان، لباس اور رہن سہن پر بہت زیادہ اثر ڈالا ہے اور بدقسمتی سے یہ اثرات برائی کی طرف زیادہ گامزن نظر آتے ہیں، جبکہ ان میں اچھائی کا عنصر آٹے میں نمک کے برابر ملتا ہے۔مغربی تہذیب کے زیرِ اثر ہمارے یہ بچے اور نوجوان ان بے حس اور ظالم درندوں کے ہتھے چڑھتے جا رہے ہیں جن کی زندگی کا مقصد صرف پیسہ کمانا ہی رہ گیا ہے۔ عالمی طاقتوں کی سازشوں اور اپنوں کی دولت کی ہوس کا شکار نوجوان انواع و اقسام کی منشیات کے استعمال میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ خاص طور پر کراچی شہر کی کوئی بستی، کوئی روڈ یا کوئی راستہ آپ کو ایسا نہیں ملے گا جہاں یہ بدقسمت نوجوان ٹولیوں کی شکل میں اپنی زندگی کی روشنیوں کو اپنے ہاتھوں سے اندھیروں کے حوالے کرتے ہوئے نظر نہ آئیں۔
شراب، جو اُمّ الخبائث ہے، اس کا پینا اب جیسے ہمارے نوجوانوں کے لیے فیشن بن چکا ہے۔ ڈراموں، شاعری اور سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز کی ویڈیوز میں شراب کا ذکر اس انداز سے مسلسل اور تکرار کے ساتھ کیا جا رہا ہے کہ اب اسے پینا کوئی معیوب بات نہیں سمجھا جاتا۔پاکستان دنیا کے ان خوش قسمت ترین ممالک میں شامل ہے جن کی نصف سے زیادہ آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، مگر بدقسمتی سے آج پاکستانی نوجوان حکومتی نااہلی، کم تعلیمی سہولیات اور نوکریاں نہ ہونے کی وجہ سے مختلف غلط عناصر کے ہاتھوں ضائع ہو رہے ہیں۔دھوئیں میں ڈوبا پاکستان کا مستقبل والدین، اساتذہ، اہلِ دانش کے ساتھ ساتھ اہلِ اقتدار کی طرف بھی دیکھ رہا ہے کہ کب وہ اس سنگین مسئلے کی طرف توجہ دیں گے اور پاکستانی نوجوانوں کو منشیات جیسی لعنت سے نجات دلائیں گے۔





















Add Comment