Home » blog page » ملتان سلطانز کی شاندار فتح
کھیل

ملتان سلطانز کی شاندار فتح

پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے 13ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی تیسری کامیابی حاصل کر لی۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں 167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سلطانز نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18ویں اوور میں ہدف حاصل کر لیا۔ اسٹیون اسمتھ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 53 رنز بنائے جبکہ شان مسعود 46 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے اور ٹیم کو فتح دلائی۔

اوپننگ میں اسٹیون اسمتھ اور جوش فلپ نے 71 رنز کی شراکت قائم کر کے میچ کا رخ ابتدا میں ہی موڑ دیا، جبکہ صاحبزادہ فرحان نے بھی 32 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔ کپتان سعود شکیل نے 56 اور بیون جیکبز نے 49 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں۔

بولنگ میں محمد نواز نے آل راؤنڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں اور انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، جبکہ عرفات منہاس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس فتح کے ساتھ ملتان سلطانز پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔