پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز نے کینسر میں مبتلا ایک بہادر بچے کی خواہش پوری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
گوجرانوالہ کے علاقے قلعہ دیدار سنگھ سے تعلق رکھنے والے فرزان نامی بچے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جو گزشتہ چار سال سے کینسر کے خلاف بہادری سے لڑ رہا ہے۔ فرزان لاہور قلندرز کا بڑا مداح ہے اور اس کی سب سے بڑی خواہش اپنے پسندیدہ کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی سے ملاقات کرنا ہے۔
وائرل ویڈیو میں بچے نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ شاہین آفریدی سے ملنا چاہتا ہے اور پوچھا کہ کیا ان کے پاس اس کے لیے وقت ہے؟
اس پر ردعمل دیتے ہوئے لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ بچے کا پیغام ان تک پہنچ چکا ہے اور وہ اسے لاہور میں ہونے والے میچز میں خصوصی طور پر مدعو کریں گے۔
انتظامیہ کے مطابق فرزان کو نہ صرف اپنے پسندیدہ کھلاڑی سے ملاقات کا موقع دیا جائے گا بلکہ ٹیم کی جانب سے دستخط شدہ شرٹ بھی تحفے میں دی جائے گی، تاکہ اس کی خوشی کو یادگار بنایا جا سکے۔
















Add Comment