پاکستان سپر لیگ 11 میں ملتان سلطانز کے آسٹریلوی بیٹر اسٹیو اسمتھ نے اپنے ساتھی کھلاڑی پیٹر سڈل کو دلچسپ انداز میں “چاچا” کہہ کر مخاطب کیا، جس پر دونوں کھلاڑی مسکراتے رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف فتح کے بعد پوسٹ میچ گفتگو کے دوران اسٹیو اسمتھ نے بات کا آغاز ہی “ہائے اسٹیو اینڈ چاچا” کہہ کر کیا اور بتایا کہ ٹیم میں پیٹر سڈل اسی نام سے مشہور ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ پیٹر سڈل کو “چاچا” کہنے کا ٹرینڈ حارث رؤف نے بی بی ایل کے دوران شروع کیا تھا، جو اب پی ایس ایل میں بھی مقبول ہو چکا ہے۔ چند روز قبل سڈل نے اس لقب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے خود کو “غیر ملکی چاچا” جبکہ افتخار احمد کو “لوکل چاچا” قرار دیا تھا۔
میچ کے بعد گفتگو میں پیٹر سڈل نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹاس جیتنا اور ابتدا میں اچھی بولنگ کرنا کامیابی کی بنیاد بنا۔ انہوں نے اسٹیو اسمتھ کی بیٹنگ کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ ٹیم کو کبھی مایوس نہیں کرتے۔
اس موقع پر اسٹیو اسمتھ نے بھی بولرز کی تعریف کرتے ہوئے محمد نواز اور عرفات منہاس کی کارکردگی کو شاندار قرار دیا، جبکہ شان مسعود کی بیٹنگ میں بہتری کو ٹیم کے لیے مثبت اشارہ بتایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوپنر صاحبزادہ فرحان کے ساتھ ان کی شراکت داری مضبوط ہو رہی ہے اور امید ظاہر کی کہ ٹیم کا یہ تسلسل آئندہ میچز میں بھی برقرار رہے گا۔
















Add Comment