کراچی کے علاقے ملیر میں جاری میٹرک امتحانات کے دوران مبینہ طور پر خصوصی وی آئی پی کمروں کی موجودگی کا انکشاف سامنے آیا ہے، جہاں طلبہ و طالبات کو غیر معمولی سہولیات فراہم کیے جانے کا الزام ہے۔
ذرائع کے مطابق ان کمروں میں موبائل فون کے استعمال اور باہمی مشاورت کے ذریعے پرچے حل کرنے کی اجازت دی گئی، جبکہ بعض اطلاعات کے مطابق امتحانی عملے کی مبینہ معاونت بھی شامل رہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ خصوصی کمرے اسکول کے عقبی حصے میں قائم کیے گئے تھے، جہاں امتحان کے دوران کھلے عام نقل کے واقعات رپورٹ ہوئے، تاہم اس حوالے سے فوری طور پر کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آئی۔
اس انکشاف کے بعد تعلیمی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے اور امتحانی شفافیت و نگرانی کے نظام پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ شہریوں اور والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔











Add Comment