پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے اپنی عسکری طاقت کو مزید بڑھاتے ہوئے کلسٹر بم وار ہیڈ سے لیس بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جس کے بعد خطے میں سیکیورٹی خدشات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ہواسانگ-11 بیلسٹک میزائل کم بلندی پر پرواز کرنے اور تقریباً 7 ہیکٹر کے وسیع علاقے میں اہداف کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک کی اکیڈمی آف ڈیفنس سائنس اور میزائل ایڈمنسٹریشن نے برقی مقناطیسی ہتھیاروں، کاربن فائبر بموں اور مختصر فاصلے تک مار کرنے والے فضائی دفاعی نظام کے تجربات بھی کیے۔ان تجربات کی نگرانی کرنے والے جنرل کم جونگ سک نے برقی مقناطیسی ہتھیاروں اور کاربن فائبر بموں کو فوج کے لیے “خصوصی اثاثے” قرار دیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق شمالی کوریا یوکرین اور مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ صورتحال سے سیکھتے ہوئے اپنی دفاعی حکمت عملی کو جدید بنا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تجربات روایتی ہتھیاروں کے جدید نظام کے ذریعے طاقت کے اظہار کی کوشش ہیں، جو حریف ممالک اور اتحادیوں کے لیے ایک واضح پیغام ہو سکتے ہیں۔ لم ایول چول کے مطابق برقی مقناطیسی ہتھیار دشمن کے الیکٹرانک نظام کو ناکارہ بنا سکتے ہیں، جبکہ کاربن فائبر بم اہم انفراسٹرکچر جیسے پاور پلانٹس کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دوسری جانب، جاپان میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جب شمالی کوریا نے بحیرۂ جاپان کی سمت کئی میزائل داغے۔ جاپانی وزیراعظم آفس کے مطابق صورتحال کا تجزیہ جاری ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ علاوہ ازیں، کم جونگ ان کی زیر نگرانی امریکا تک مار کرنے والے جدید ٹھوس ایندھن والے میزائل انجن کا بھی کامیاب زمینی تجربہ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق یہ انجن بین البراعظمی بیلسٹک میزائلز (آئی سی بی ایم) میں استعمال ہو سکتا ہے، جو بیک وقت کئی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس نئے انجن نے 2,500 کلو نیوٹن تک تھرسٹ پیدا کیا، جو گزشتہ ریکارڈ سے نمایاں طور پر زیادہ ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت اس بات کا اشارہ ہے کہ شمالی کوریا عالمی سطح پر اہداف کو نشانہ بنانے کی اپنی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہے۔ یاد رہے کہ 2019 شمالی کوریا-امریکا ہنوئی سربراہی ملاقات کے بعد شمالی کوریا نے اپنے میزائل پروگرام کو تیزی سے وسعت دی، جس کے باعث خطے میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔
















Add Comment