Home » blog page » مسجد الحرام میں حاجیوں کے لیے صحنوں کے نقشہ اور اہم ہدایات لگادی گئیں
تازہ ترین خبریں

مسجد الحرام میں حاجیوں کے لیے صحنوں کے نقشہ اور اہم ہدایات لگادی گئیں

مکہ مکرمہ: پہلی بار حج یا عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے زائرین کے لیے مسجد الحرام کی وسعت اور رش اکثر پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔ ایسے میں حرم کے صحنوں کی درست سمتوں اور اہم مقامات سے آگاہی نہ صرف عبادت کو آسان بناتی ہے بلکہ گمشدگی جیسے مسائل سے بھی بچاتی ہے۔

مسجد الحرام کے چاروں اطراف وسیع صحن موجود ہیں، جہاں ہر سمت مختلف داخلی راستوں، ہوٹلوں اور سہولیات تک رسائی فراہم کرتی ہے۔ شمالی صحن، جو تیسری سعودی توسیع (شاہ عبداللہ توسیع) کی جانب واقع ہے، جدید اور نسبتاً کم رش والا علاقہ سمجھا جاتا ہے۔ یہاں شاہ عبداللہ گیٹ نمایاں ہے اور یہ جرول و جبلِ کعبہ کی سمت جاتا ہے، جہاں جدید طبی مراکز اور کولنگ اسٹیشنز بھی دستیاب ہیں۔ جنوبی صحن اجیاد کے علاقے کی طرف واقع ہے اور اسے سب سے زیادہ مصروف علاقہ کہا جاتا ہے۔ یہاں شاہ عبدالعزیز گیٹ اور اجیاد گیٹ اہم نشانات ہیں، جبکہ کلاک ٹاور اور بڑے شاپنگ سینٹرز بھی اسی سمت میں واقع ہیں۔ اس حصے میں ریستوران، فارمیسیز اور ٹرانسپورٹ سہولیات بآسانی دستیاب ہیں۔ مغربی صحن الشبیکہ اور جبل عمر کی جانب واقع ہے، جہاں شاہ فہد گیٹ اور عمرہ گیٹ اہم داخلی راستے ہیں۔

یہ علاقہ پیدل چلنے والوں کے لیے کشادہ ہے اور یہاں گمشدگان کی رہنمائی کے مراکز، ٹیلی کمیونیکیشن دفاتر اور بڑے ہوٹل موجود ہیں۔ مشرقی صحن صفا اور مروہ کے قریب واقع ہے، جہاں سے سعی مکمل کرنے کے بعد زائرین باہر نکلتے ہیں۔ اس سمت سے غزہ، شعبیہ اور محبس الجن کے علاقے تک رسائی حاصل ہوتی ہے، جبکہ یہاں پبلک ٹرانسپورٹ اور وضو خانے بھی موجود ہیں۔ ماہرین کے مطابق حجاج اور معتمرین کو چاہیے کہ وہ حرم میں داخل ہونے سے پہلے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملاقات کا ایک مخصوص مقام طے کرلیں تاکہ رش میں بچھڑنے کی صورت میں آسانی سے دوبارہ ملا جا سکے۔ ہر فرد کے پاس ہوٹل کا کارڈ ہونا چاہیے اور مقامی سم خریدنا بھی رابطے کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔

مزید برآں، عبادت کے دوران نظم و ضبط کا خیال رکھنا ضروری ہے، خصوصاً نماز میں صفوں کی درست ترتیب اور اتصال کو یقینی بنایا جائے۔ زائرین کو چاہیے کہ وہ زمزم کے کولرز سے پانی پیتے رہیں اور حرم میں موجود رہنمائی کے بورڈز کی پیروی کریں تاکہ قریبی سہولیات تک آسانی سے پہنچ سکیں۔انتظامیہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ حج سیزن کے دوران مطاف میں غیر ضروری رش سے بچنے کے لیے اوپری منزلوں پر طواف کیا جائے، جبکہ فوٹوگرافی پر بھی سخت پابندی عائد کی گئی ہے۔ زائرین کو تاکید کی جاتی ہے کہ وہ ان ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام حجاج و معتمرین کی عبادات قبول فرمائے اور ان کے سفر کو آسان اور بابرکت بنائے۔