Home » blog page » قومی خبریں » شادیوں میں صرف ایک ڈش کی پابندی
قومی خبریں • کاروبار اور معیشت

شادیوں میں صرف ایک ڈش کی پابندی

وفاقی حکومت نے ایندھن کی بچت اور اخراجات میں کمی کے لیے نئے کفایت شعاری اقدامات نافذ کر دیے ہیں، جن کے تحت تمام شادی بیاہ اور دیگر متعلقہ تقریبات میں صرف ایک ڈش پیش کرنے کی اجازت ہوگی۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

حکومت نے سرکاری اخراجات محدود کرنے کے لیےسرکاری ضیافتوں پر بھی پابندی عائد کی ہے، تاہم غیر ملکی وفود کے اعزاز میں ضروری عشائیے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ اس کے علاوہ سرکاری فنڈز سے سیمینارز، تربیتی پروگرامز اور کانفرنسز کے انعقاد پر بھی پابندی ہوگی، جبکہ ناگزیر تقریبات سرکاری عمارتوں میں منعقد کی جا سکیں گی۔
حکومتی اقدامات میں سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں تین ماہ کے لیے 50 فیصد کمی، نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابندی اور سرکاری افسران کے غیر ملکی دوروں پر تین ماہ کی پابندی بھی شامل ہے۔