Home » blog page » تازہ ترین خبریں » سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی عمرہ 1448 ہجری کے لیے نئی ہدایات جاری
تازہ ترین خبریں

سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی عمرہ 1448 ہجری کے لیے نئی ہدایات جاری

ریاض: سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ سیزن 1448 ہجری کے لیے نئی ہدایات اور ضوابط جاری کر دیے ہیں، جن پر تمام عمرہ آپریٹرز، ٹریول ایجنٹس اور معتمرین کے لیے عمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ ان ہدایات کا مقصد زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور عمرہ انتظامات کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

جاری کردہ ہدایات کے مطابق خواتین کے ویزا کے لیے جمع کرائی جانے والی تصاویر میں حجاب کا ہونا لازمی ہوگا۔ اسی طرح سعودی عرب روانگی سے قبل ہر معتمر کے لیے نسک (Nusuk) اور متعلقہ کیو آر کارڈ کا اجرا ضروری قرار دیا گیا ہے، جبکہ اس معیار کو مجموعی تشخیصی نظام میں نمایاں اہمیت دی گئی ہے۔

وزارت نے عمرہ اور روضۂ رسول ﷺ (ریاض الجنۃ) کی زیارت کے لیے پیشگی پرمٹ کے حصول کو بھی لازمی قرار دیا ہے۔ یہ پرمٹس نسک ایپ کے ذریعے حاصل کیے جائیں گے۔

نئے ضوابط کے تحت ہر عمرہ گروپ کے ساتھ منظور شدہ گروپ لیڈر کی موجودگی ضروری ہوگی۔ علاوہ ازیں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ کسی تیسرے شہر کی زیارت کو عمرہ پروگرام میں شامل کرنے کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔

وزارتِ حج و عمرہ نے ویزا اور لاجسٹک سسٹم میں معتمرین کے پروگرام اور دیگر معلومات کی مکمل درستگی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ڈیٹا سو فیصد درست ہونا چاہیے۔ اس کے ساتھ مختلف کیٹیگریز، بشمول اسٹار اور اکانومی پیکیجز، کی فراہمی کو بھی کارکردگی کے معیار میں شامل کیا گیا ہے۔

سعودی حکام کے مطابق بیرونی ایجنٹس کی مسلسل نگرانی کی جائے گی اور قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پہلی خلاف ورزی پر سسٹم دو ہفتوں، دوسری پر ایک ماہ اور تیسری خلاف ورزی پر پورے عمرہ سیزن کے لیے معطل کیا جا سکتا ہے۔

وزارت نے تمام آپریٹرز اور ایجنٹس کو ہدایت کی ہے کہ ویزا اجرا اور معتمرین کی روانگی سے قبل تمام ضوابط پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر تادیبی کارروائی اور سسٹم معطلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔