اسلام آباد:پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعلقات ایک بار پھر مضبوطی کی نئی مثال بن کر سامنے آئے ہیں۔ ترک بری افواج کے کمانڈر جنرل میتن توکل نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا اہم دورہ کیا، جہاں ان کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔
جی ایچ کیو آمد پر جنرل میتن توکل کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دفاعی تعاون، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور عسکری روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے دفاعی اشتراک کو دونوں ممالک کے تعلقات کا اہم ستون قرار دیا۔
دورے کے دوران ترک بری افواج کے کمانڈر نے نیول ہیڈکوارٹرز اور ایئر ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی قیادت کے ساتھ پیشہ ورانہ امور، علاقائی سیکیورٹی اور دفاعی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی۔
جنرل میتن توکل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ دونوں ممالک نے دفاعی شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ ملاقاتیں اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہیں کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے، جو خطے میں امن، استحکام اور سیکیورٹی کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
















Add Comment