واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ چین ان کے اس اقدام سے خوش ہے جس کے تحت وہ آبنائے ہرمز کو مستقل طور پر کھلا رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ یہ اقدام صرف دنیا کے لیے ہی نہیں بلکہ چین کے مفاد میں بھی ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کو خط لکھ کر درخواست کی تھی کہ ایران کو ہتھیار فراہم نہ کیے جائیں، جس پر چین نے مبینہ طور پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنا عالمی معیشت کے لیے اہم ہے اور اب یہ راستہ کبھی بند نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے بدلے چین ایران کو اسلحہ فراہم نہیں کرے گا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ وہ جلد چین کا دورہ کریں گے جہاں ان کی چینی صدر سے ملاقات ہوگی، اور دونوں رہنما باہمی تعاون کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیا اس پیش رفت کے بعد جنگ کا خطرہ کم ہو جائے گا، تاہم ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو امریکہ ہر محاذ پر اپنی برتری ثابت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
















Add Comment