Home » blog page » انٹرٹینمنٹ کی دنیا » پیمرا نےجیو نیوز ک کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کردیا
انٹرٹینمنٹ کی دنیا

پیمرا نےجیو نیوز ک کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کردیا

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے محرم الحرام کی خصوصی ٹرانسمیشن میں مذہبی مواد کی نامناسب پیشکش پر جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کر دیا ہے۔ پیمرا کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پروگرام میں ایسے مذہبی مناظر اور عکاسی دکھائی گئی جو ملک کی مذہبی، سماجی اور ثقافتی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتی، جس کے باعث ریگولیٹری اتھارٹی نے سخت کارروائی کرتے ہوئے چینل کی نشریات معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔

پیمرا نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ مذکورہ معاملہ مزید قانونی کارروائی کے لیےکمپلینٹس کونسل کو بھی بھجوا دیا گیا ہے، جہاں اس کیس کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اتھارٹی کا مؤقف ہے کہ الیکٹرانک میڈیا کو مذہبی معاملات پر انتہائی ذمہ داری، احتیاط اور ضابطہ اخلاق کے مطابق مواد نشر کرنا چاہیے تاکہ عوامی جذبات اور مذہبی حساسیت کا مکمل احترام یقینی بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑبھی اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی موضوعات انتہائی حساس ہوتے ہیں اور ان کی پیشکش میں غیر معمولی احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذہبی واقعات کو ڈرامائی انداز میں پیش کرنا مناسب نہیں اور میڈیا اداروں کو ایسے معاملات میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا مکمل احساس ہونا چاہیے۔

دوسری جانب جیو نیوز نے اپنے جاری کردہ بیان میں متنازع نشریات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ناظرین سے معذرت کی ہے۔ چینل کا کہنا ہے کہ متنازع مواد کو فوری طور پر تمام پلیٹ فارمز سے ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ اس واقعے کے ذمہ دار افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کی صورتحال دوبارہ پیدا نہ ہو۔