Home » blog page » قومی خبریں » پانی کے مسائل پر سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ
قومی خبریں

پانی کے مسائل پر سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ صوبائی حکومت پانی سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ماہرین پر مشتمل ایک ٹاسک فورس قائم کرے گی۔ یہ ٹاسک فورس سندھ طاس معاہدے، 1991 کے پانی کی تقسیم کے معاہدے اور ان پر عملدرآمد میں موجود خامیوں کا جائزہ لے کر ایک جامع رپورٹ تیار کرے گی، جس میں سندھ کو درپیش ممکنہ نقصانات کی نشاندہی بھی کی جائے گی۔

کراچی میں پہلی آئی اے پی اور پی ایس او اے انٹرنیشنل انشورنس کانفرنس 2026 کے اختتامی سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ کو مسلسل اپنے مقررہ حصے سے کم پانی مل رہا ہے۔ انہوں نے بھارت کی آبی پالیسیوں کو پاکستان کے لیے تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ہر صوبہ اپنے حصے کے پانی کا حق رکھتا ہے، لیکن سندھ سمیت دیگر صوبے پانی کی قلت کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ پنجاب کے پاس اضافی پانی موجود ہے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ چولستان نہروں سے متعلق فیصلوں پر عمل جاری ہے، جبکہ جلال پور کینال کے معاملے پر سندھ کے تحفظات مشترکہ مفادات کونسل کے سامنے پیش کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ٹیلی میٹری نظام اور انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے طریقۂ کار پر بھی متعدد بار اعتراضات اٹھائے ہیں، اور آئندہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ٹاسک فورس کے قیام کی منظوری متوقع ہے۔