Home » blog page » اسلام » حج 2027 رجسٹریشن کا آغاز، حکومتِ پاکستان نےاہم ہدایات جاری کر دیں
اسلام

حج 2027 رجسٹریشن کا آغاز، حکومتِ پاکستان نےاہم ہدایات جاری کر دیں

اسلام آباد: 22 جون 2026
وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، حکومتِ پاکستان نے حج 2027 کے لیے خواہش مند عازمین کی رجسٹریشن کے باضابطہ آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ وزارت کے مطابق رجسٹریشن کا عمل 22 جون 2026 سے شروع ہو چکا ہے، جبکہ تمام پاکستانی شہری اور اوورسیز پاکستانی اس مرحلے میں اپنی رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج 2027 کے لیے رجسٹریشن مکمل طور پر مفت ہوگی اور بعد ازاں صرف وہی افراد حج درخواست جمع کروانے کے اہل ہوں گے جنہوں نے مقررہ مدت کے دوران رجسٹریشن کرائی ہوگی۔ رجسٹریشن آن لائن حج پورٹل کے ذریعے کی جا سکتی ہے، جہاں درخواست گزار کو اپنا اکاؤنٹ بنا کر مطلوبہ معلومات درج کرنا ہوں گی۔

وزارت نے عازمین کو مشورہ دیا ہے کہ اگر وہ اہلِ خانہ کے ساتھ حج کی سعادت حاصل کرنا چاہتے ہیں تو رجسٹریشن کے وقت فیملی گروپ کی صورت میں اندراج کروائیں تاکہ آئندہ حج درخواست جمع کروانے کے مراحل میں آسانی رہے اور گروپ کی صورت میں سفر کے امکانات بہتر ہو سکیں۔

حکام کے مطابق رجسٹریشن کے مرحلے پر پاسپورٹ کا ہونا لازمی نہیں، تاہم حج درخواست جمع کرواتے وقت کارآمد پاسپورٹ پیش کرنا ضروری ہوگا۔ اس کے علاوہ پاسپورٹ کی معیاد کم از کم 16 نومبر 2027 تک ہونی چاہیے۔ جن افراد کے پاس پاسپورٹ موجود نہیں یا اس کی مدت مقررہ تاریخ سے پہلے ختم ہو رہی ہے، انہیں بروقت نیا پاسپورٹ بنوانے یا تجدید کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ رجسٹرڈ عازمین بعد میں سرکاری یا پرائیویٹ حج اسکیم میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکیں گے۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی رجسٹریشن کے اہل ہوں گے، بشرطیکہ ان کے پاس کارآمد پاکستانی پاسپورٹ موجود ہو یا اس کی تجدید کا عمل جاری ہو۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ حج پیکیجز، اخراجات، کوٹہ اور دیگر شرائط کا باضابطہ اعلان حج پالیسی 2027 کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ رجسٹریشن کا عمل “پہلے آئیں، پہلے پائیں” کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا۔

وزارتِ مذہبی امور نے تمام خواہش مند عازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن مکمل کریں اور آئندہ مراحل کے لیے ضروری دستاویزات کی تیاری بھی جاری رکھیں۔ حکومت نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام عازمین کے لیے حج 2027 کی سعادت آسان فرمائے اور ان کی عبادات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔

About the author

Avatar photo

News Desk

Add Comment

Click here to post a comment