Home » blog page » بلاگ » عوام ایک بڑی طاقت – صائمہ نجم
بلاگ

عوام ایک بڑی طاقت – صائمہ نجم

شاپنگ سے واپسی پر غیر متوقع رش نے مجھے چونکا دیا۔ وجہ جان کر مجھے حیرت کے ساتھ ساتھ خوشی بھی ہوئی کہ ایک کال پر پوری قوم کا اس طرح متحد ہو جانا اور اپنے موقف پر ڈٹے رہنا، ہو نہ ہو، اس کے پیچھے کسی ایسی قیادت کا ہاتھ ہے جس کی دلیری، بے باکی، شجاعت اور بہادری کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

انہی کی کوششوں نے لوگوں میں ایک زندہ قوم کا شعور بیدار کیا ہے۔ بلاشبہ عوام ایک بڑی طاقت ہے۔ اگر وہ ایک بار کسی موقف پر اٹھ کھڑی ہو اور ثابت قدمی سے ڈٹ جائے تو اپنے مطالبات منوا کر ہی دم لیتی ہے۔ اس کی ایک مثال بنگلہ دیش کی عوام اور وہاں کے موجودہ حالات ہیں، جہاں عوامی طاقت نے اہم تبدیلیوں میں کردار ادا کیا۔ خدا کرے پاکستانی عوام بھی اسی طرح خوابِ غفلت سے جاگ اٹھے۔ کیونکہ انہیں بیدار کرنے والا لیڈر نہ صرف ہر طرح سے اپنے حق کے لیے بولنا، لڑنا اور متحد ہو کر رہنا سکھا رہا ہے بلکہ رہنمائی کے لیے شانہ بشانہ موجود بھی ہے۔

پٹرول کی قیمت میں مختصر کمی اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اگر عوام اسی طرح اپنے موقف پر ڈٹی رہی تو وہ وقت دور نہیں جب، ان شاء اللہ، نہ صرف پٹرول کی قیمتیں مزید کم ہوں گی بلکہ مہنگائی سمیت زندگی کے دیگر مسائل بھی بتدریج کم ہوتے چلے جائیں گے۔