Home » blog page » قومی خبریں » ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی
قومی خبریں

ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن کی تازہ انتخابی فہرستوں کے مطابق ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ نادرا سے موصول ہونے والے تازہ ڈیٹا کی بنیاد پر 7 مئی سے 2 جولائی 2026 کے دوران انتخابی فہرستیں اپ ڈیٹ کی گئیں، جس کے نتیجے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں مجموعی طور پر 5 لاکھ 89 ہزار 458 کی کمی سامنے آئی۔

اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے میں 14 لاکھ 84 ہزار 382 ایسے ووٹرز کے نام فہرستوں سے خارج کیے گئے جن کی وفات نادرا کے ریکارڈ میں درج ہو چکی تھی، جبکہ 8 لاکھ 94 ہزار 924 نئے اہل ووٹرز کو انتخابی فہرستوں میں شامل کیا گیا۔

اس اپ ڈیٹ کے بعد ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد تقریباً 13 کروڑ 71 لاکھ سے کم ہو کر 13 کروڑ 65 لاکھ 74 ہزار 399 رہ گئی۔ مرد ووٹرز کی تعداد میں 4 لاکھ 50 ہزار جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد میں ایک لاکھ 38 ہزار کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ صوبہ وار اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ کمی پنجاب میں 4 لاکھ 78 ہزار 909 جبکہ سندھ میں 97 ہزار 216 ووٹرز کی ریکارڈ کی گئی۔