Home » blog page » بلاگ » کراچی، پاکستان کا معاشی حب – نیلم حمید
بلاگ

کراچی، پاکستان کا معاشی حب – نیلم حمید

شہرِ کراچی کی مثال اس دیے کی مانند ہے جو خود جل کر دوسروں کو روشنی فراہم کرتا ہے۔ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا معاشی حب، غریب پرور اور ماں کی آغوش کی مانند وسیع دل رکھنے والا شہر ہے۔ اس شہر میں ملک کی تقریباً تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ آباد ہیں۔ سرائیکی، سندھی، پنجابی، پختون، بلوچ اور دیگر برادریوں کے لیے کراچی نہ صرف روزگار کا سب سے بڑا مرکز ہے بلکہ ایک محفوظ پناہ گاہ بھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بہتر مستقبل کی تلاش میں ملک بھر سے لوگ اس شہر کا رخ کرتے ہیں۔

تاہم، آبادی میں بے پناہ اضافے اور انتظامی نظام کی کمزوری کے باعث کراچی مسلسل مختلف بحرانوں کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔ بدامنی، اسٹریٹ کرائم اور لوٹ مار میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، جس کے باعث شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔اس کے علاوہ صفائی کا ناقص نظام، ٹوٹ پھوٹ کا شکار انفراسٹرکچر، خستہ حال سڑکیں اور بنیادی شہری سہولیات کی کمی بھی کراچی کے اہم مسائل میں شامل ہیں۔ گیس اور بجلی نہ صرف مہنگی ہوتی جا رہی ہیں بلکہ ان کی مسلسل قلت بھی شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔کراچی کے عوام نے اپنے مسائل کے حل کے لیے جس سیاسی جماعت کو منتخب کیا تھا، ان کے مطابق اسے فارم 47 کے ذریعے اقتدار اور اختیارات سے دور رکھا گیا۔ اسی وجہ سے شہری حکومت اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے سے محروم رہی۔

کراچی ملک کو سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر ہے، مگر اس کے باوجود بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ اگر کراچی سے حاصل ہونے والے ٹیکسوں کا مناسب حصہ شہری حکومت کو دیا جائے اور وہ دیانت داری اور شفافیت کے ساتھ اسے شہر کی ترقی پر خرچ کرے، تو نہ صرف کراچی کے شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی بلکہ ملک کے دیگر حصوں سے آنے والے لاکھوں افراد بھی ان سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ایک ترقی یافتہ کراچی درحقیقت ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔