Home » blog page » بلاگ » میری دادی جان، ایک ایسی میراث جو ہمیشہ زندہ رہے گی – عفراء بنت ثناءاللہ
بلاگ

میری دادی جان، ایک ایسی میراث جو ہمیشہ زندہ رہے گی – عفراء بنت ثناءاللہ

إِنَّا لِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
بعض لوگ دنیا سے رخصت ہو جاتے ہیں، لیکن ان کی خوشبو، ان کی تربیت، ان کا کردار اور ان کی دعائیں نسلوں تک زندہ رہتی ہیں۔ میری دادی جان، محترمہ امت الرقیب رحمہا اللہ، بھی انہی خوش نصیب لوگوں میں سے تھیں۔

لوگ انہیں جماعت اسلامی کی سابق نائب قیمہ، ام الجامعات، ایک بہترین مربیہ، داعیہ اور منتظمہ کے طور پر جانتے تھے، لیکن میرے لیے وہ صرف ایک عظیم رہنما نہیں بلکہ میری دادی تھیں؛ ایسی دادی جن کی گود میں محبت تھی، جن کی زبان پر خیرخواہی تھی اور جن کی پوری زندگی اللہ کی رضا کے لیے وقف تھی۔ جوانی میں ہی دادا جان کا انتقال ہوگیا۔ اس وقت زندگی کا سب سے مشکل امتحان ان کے سامنے تھا۔ چھوٹے بچوں کی پرورش، گھر کی ذمہ داریاں اور ساتھ ہی دین کی خدمت کا سفر۔ انہوں نے دوسری شادی نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور اپنی پوری زندگی بچوں کی تربیت اور اللہ کے دین کی خدمت میں گزار دی۔ آج سوچتی ہوں تو محسوس ہوتا ہے کہ یہ فیصلہ صرف ایک ماں ہی نہیں بلکہ ایک عظیم صابرہ خاتون ہی کر سکتی تھی۔

دادی جان نے اپنی پوری زندگی شب و روز محنت کی، ہزاروں خواتین اور طالبات کی تربیت کی، دعوت و تنظیم کے میدان میں بے شمار خدمات انجام دیں، مگر حیرت کی بات یہ تھی کہ ان کی زندگی میں کبھی اپنے کام پر فخر یا اپنی خدمات کا احساس تک نظر نہیں آیا۔ ایک دن امی نے ان سے کہا کہ جماعت کی طرف سے ملنے والی اعزازی شیلڈز اور ایوارڈز کو کہیں خوبصورتی سے سجا کر رکھیں۔ دادی جان نے انتہائی سادگی سے جواب دیا:
“یہ چیزیں کہاں آخرت میں فائدہ دینے والی ہیں؟”
یہ ایک جملہ ان کی پوری شخصیت کا آئینہ تھا۔ نہ کبھی نمود و نمائش، نہ شہرت کی خواہش، نہ اپنی خدمات کا چرچا۔ انہوں نے ہمیشہ اپنے رب کی رضا کو لوگوں کی تعریف پر ترجیح دی۔
اپنی زندگی کے آخری ایام میں ایک دن انہوں نے امی سے کہا:

“سمیہ! مجھے اپنے اللہ سے اپنی بخشش اور مغفرت کی پوری امید ہے، اور اس کی تین وجوہات ہیں۔”
“پہلی یہ کہ میں جوانی میں بیوہ ہوئی اور بچوں کی خاطر دوسری شادی نہیں کی، اور ایسی عورت کے لیے بشارت آئی ہے۔
دوسری یہ کہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ جب میں اپنے بندے کی محبوب چیز لے لیتا ہوں اور وہ صبر کرتا ہے تو اس کے لیے جنت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے میری بائیں آنکھ کی بینائی لے لی، میں نے اس پر صبر کیا۔
اور تیسری یہ کہ جو شخص پیٹ کی بیماری میں وفات پائے، وہ شہید ہے۔”
امی نے کہا: “آپ نے تو پوری زندگی دین کی اتنی خدمت کی، یقیناً یہ بھی نجات کا ذریعہ ہوگی۔”

دادی جان نے فوراً کہا:
“اس کا کیا معلوم، اس میں کب ریا آ گئی ہو۔”
یہ سن کر انسان حیران رہ جاتا ہے۔ ایک ایسی خاتون جس نے اپنی پوری زندگی دعوت، تربیت اور خدمتِ دین میں گزاری، وہ بھی اپنی عبادتوں اور خدمات پر بھروسا کرنے کے بجائے اللہ کی رحمت کی امیدوار تھی۔ یہی تو اخلاص کی معراج ہے کہ انسان اپنے اعمال کو کبھی سرمایہ نہ سمجھے، بلکہ ہر وقت اللہ کی قبولیت کا محتاج رہے۔
مجھے اپنا ایک واقعہ بھی ہمیشہ یاد رہے گا۔ جب میرے بیٹے کی پیدائش ہوئی تو میں نے وقت کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے اس کا نام “صلاح الدین یوسف” رکھا۔ روزمرہ میں میں اسے مختصراً “یوسف” کہہ کر پکارتی تھی۔ دادی جان نے محبت سے مجھے سمجھایا:
“جس نسبت سے اس کا نام رکھا ہے، اسی نسبت کی تاثیر کے لیے اسے صلاح الدین ہی پکارا کرو۔ امت کو اس وقت رجال کی ضرورت ہے۔”

یہ صرف ایک نام کی بات نہیں تھی، بلکہ ان کی پوری فکر کا اظہار تھا۔ وہ چاہتی تھیں کہ آنے والی نسلیں بھی امت کے لیے کردار، غیرت، قیادت اور خدمت کا سرمایہ بنیں۔
آج دادی جان ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں، لیکن ان کی دعائیں، ان کی نصیحتیں، ان کا اخلاص اور ان کی تربیت ہماری زندگیوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کی تمام لغزشوں سے درگزر فرمائے، ان کی قبر کو جنت کے باغوں میں سے ایک باغ بنا دے، ان کی ہر خدمت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ اور ہمارا یقین اللہ کی رحمت سے وابستہ ہے کہ جس طرح انہوں نے دنیا میں اللہ کی رضا کے لیے صبر، وفاداری اور دین کی خدمت کی، اللہ تعالیٰ اپنی بے پایاں رحمت سے زوجین کو جنت میں بہترین انداز سے ملا دے اور ہمیشہ کی خوشیوں سے نواز دے۔
دادی جان! آپ ہماری زندگیوں سے رخصت ضرور ہو گئی ہیں، مگر آپ کی دی ہوئی تربیت، آپ کا اخلاص، آپ کی سادگی، آپ کی دعائیں اور آپ کا کردار ہمیشہ ہماری نسلوں کی رہنمائی کرتا رہے گا۔

اللہ تعالیٰ آپ پر اپنی بے شمار رحمتیں نازل فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔

About the author

Avatar photo

Global Plus News

گلوبل پلس نیوز
ہر وقت، ہر جگہ کی بریکنگ نیوز

⚡ Fast • Authentic • Viral Updates
🌐 World | Politics | Tech | Entertainment | Trending
📢 Stay Connected. Stay Updated 24/7

Add Comment

Click here to post a comment