اسلام آباد: پاک بحریہ نے فضا سے سطحِ سمندر پر مار کرنے والے مقامی طور پر تیار کردہ “تیمور” کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے، جس کے ذریعے دور فاصلے تک اہداف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تجربہ پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور جدید جنگی مہارت کا واضح ثبوت ہے۔ میزائل فائرنگ کے دوران ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جس سے اینٹی شپ ویپن سسٹم کی مؤثر کارکردگی بھی سامنے آئی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ “تیمور” ایئر لانچڈ کروز میزائل کی لائیو ویپن فائرنگ نے سمندری خطرات سے نمٹنے اور طویل فاصلے پر اہداف کو مؤثر انداز میں تباہ کرنے کی صلاحیت کی توثیق کی ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق اس کامیاب تجربے سے پاکستان کی بحری دفاعی حکمت عملی کو مزید تقویت ملی ہے اور مسلح افواج کی مجموعی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ پاک بحریہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ قومی بحری مفادات اور سمندری حدود کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے، جبکہ اس کامیابی پر صدر، وزیراعظم اور سروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد بھی پیش کی ہے۔
















Add Comment