میں خود سے ایک سوال کرتی ہوں میری زندگی آپ ﷺ کی محبت سے خالی کیوں ہے؟
میں زبان سے کہتی ہوں کہ مجھے رسول اللہ ﷺ سے محبت ہے، مگر کیا میری زندگی میں اس محبت کی خوشبو بھی محسوس ہوتی ہے؟
اگر مجھے واقعی آپ ﷺ سے محبت ہے تو میری زبان جھوٹ سے کیسے آلودہ ہو سکتی ہے؟
میرا دل نفرت سے کیسے بھر سکتا ہے؟
میں کسی کا حق کیسے مار سکتی ہوں؟
میں کسی کمزور کو کیسے تکلیف دے سکتی ہوں؟
محبت صرف الفاظ کا نام نہیں۔ محبت انسان کو بدل دیتی ہے۔
میں چاہتی ہوں کہ میری نماز میں آپ ﷺ کی تعلیمات کی جھلک ہو، میرے معاملات میں آپ ﷺ کی امانت داری ہو، میرے رویے میں آپ ﷺ کی نرمی ہو، میرے فیصلوں میں انصاف ہو اور میرے دل میں مخلوقِ خدا کے لیے رحم ہو۔
میں غصے میں بھی اخلاق نہ چھوڑوں، اختلاف میں بھی بدتمیزی نہ کروں، اور اختیار ملے تو کسی پر ظلم نہ کروں۔
میں سیرت صرف پڑھنا نہیں چاہتی، میں اسے جینا چاہتی ہوں۔میں چاہتی ہوں کہ جب کوئی میرے ساتھ معاملہ کرے تو اسے میرے اخلاق میں میرے نبی ﷺ کی تعلیمات کی جھلک نظر آئے۔
میں چاہتی ہوں کہ میری اولاد میرے الفاظ سے نہیں، میرے کردار سے سیرت سیکھے۔
میں چاہتی ہوں کہ میرا گھر، میری گفتگو، میرے معاملات اور میری زندگی اس محبت کی گواہی دیں جس کا میں دعویٰ کرتی ہوں۔پھر آج مجھے خود سے پوچھنا ہوگا اگر میرے دل میں نبی کریم ﷺ کی محبت ہے تو میری زندگی اس محبت سے خالی کیوں ہے؟اے اللہ! ہمیں ایسی محبت عطا فرما جو صرف زبان پر نہ ہو، بلکہ ہمارے کردار، اخلاق اور عمل میں نظر آئے۔میری پہچان صرف یہ نہ ہو کہ میں سیرت سنتی اور سناتی ہوں میری پہچان یہ ہو کہ میرے کردار میں سیرتِ النبی ﷺ نظر آتی ہے.





















Add Comment