لندن: عالمی سمندری تجارت کے اہم راستے آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایک تشویشناک انتباہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک یونانی میری ٹائم سکیورٹی کمپنی نے جہاز رانی کی صنعت کو ممکنہ فراڈ سے آگاہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بعض شپنگ کمپنیوں کو جعلی پیغامات موصول ہو رہے ہیں، جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس حساس بحری گزرگاہ سے محفوظ گزرنے کے لیے بٹ کوائن یا دیگر کرپٹو کرنسی میں ادائیگی کرنا ہوگی۔
بتایا گیا ہے کہ نامعلوم عناصر خود کو ایران کے حکام کا نمائندہ ظاہر کرتے ہوئے کمپنیوں سے رقم طلب کر رہے ہیں اور یقین دہانی کرا رہے ہیں کہ ادائیگی کے بعد جہازوں کو بغیر رکاوٹ گزرنے دیا جائے گا، جو بظاہر ایک منظم دھوکہ دہی معلوم ہوتی ہے۔
یونانی سکیورٹی کمپنی نے واضح کیا ہے کہ ایسے تمام پیغامات جعلی ہیں اور ان کا کسی بھی سرکاری ادارے سے کوئی تعلق نہیں۔ کمپنی نے شپنگ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایسے مشکوک رابطوں کو فوری طور پر متعلقہ حکام تک پہنچائیں۔
ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل اور گیس کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ ہے، جہاں کسی بھی قسم کی غیر یقینی صورتحال عالمی تجارت کو متاثر کر سکتی ہے۔ ایسے فراڈ پیغامات نہ صرف مالی نقصان کا سبب بن سکتے ہیں بلکہ سیکیورٹی خدشات میں بھی اضافہ کر سکتے ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سائبر فراڈ اب سمندری تجارت جیسے حساس شعبوں تک پھیل چکا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے فوری آگاہی اور احتیاطی اقدامات ناگزیر ہیں۔
















Add Comment