جنوبی بھارت کی ریاست تامل ناڈو کے انتخابات میں اداکار سے سیاستدان بننے والے وجے کی جماعت تامیلاگا ویٹری کازگام (TVK) نے اپنے پہلے ہی الیکشن میں شاندار کامیابی حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فروری 2024 میں قائم ہونے والی اس نئی جماعت نے ریاست کی 234 میں سے 108 نشستیں جیت لیں، جبکہ حکومت بنانے کے لیے 118 نشستیں درکار ہیں۔ اس الیکشن میں TVK نے تقریباً 35 فیصد ووٹ حاصل کیے، جو ایک بڑی سیاسی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔
روایتی طور پر تامل ناڈو کی سیاست پر ڈی ایم کے اور اے ڈی ایم کے کا غلبہ رہا ہے، لیکن اس بار ان دونوں جماعتوں کو بالترتیب 59 اور 47 نشستیں ملیں، جس کے بعد سیاسی منظرنامے میں بڑی تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔
وجے نے خود پیرمبور اور تروچی دونوں حلقوں سے کامیابی حاصل کی۔ ان کی جماعت کی اس غیر متوقع کارکردگی نے ریاستی سیاست میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
وجے نے فلمی کیریئر کے عروج پر سیاست میں قدم رکھا، تاہم ان کی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کافی پہلے ہو چکا تھا۔ 2009 میں انہوں نے اپنے فین کلبز کو سماجی کاموں کے نیٹ ورک میں تبدیل کیا، جبکہ 2011 میں سیاسی حمایت کے ذریعے اپنی طاقت کا اظہار بھی کیا۔ بعد ازاں وہ نوجوانوں کے مسائل، بیروزگاری اور بدعنوانی جیسے موضوعات پر کھل کر بات کرتے رہے۔
انتخابات کے بعد اپنے بیان میں وجے نے ووٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی صرف ان کی پارٹی کی نہیں بلکہ عوامی جمہوریت کی جیت ہے، جس نے تامل ناڈو میں ایک نئے سیاسی دور کا آغاز کیا ہے۔
















Add Comment