Home » blog page » کاروبار اور معیشت » پیٹرولیم قیمتوں میں جلد کمی متوقع
کاروبار اور معیشت

پیٹرولیم قیمتوں میں جلد کمی متوقع

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ باب المندب میں پھنسے جہاز اپنی منزل کی جانب روانہ ہو چکے ہیں، جبکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بھی کم ہونا شروع ہو گئی ہیں، جس کے باعث آئندہ چند دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بہتری آنے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں ممکنہ کمی کا حتمی تعین اوگرا اپنے مقررہ فارمولے کے مطابق کرے گا۔ دوسری جانب وزیر پیٹرولیم سے آئل ٹینکر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں باہمی مشاورت سے مسائل حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

علی پرویز ملک نے آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کے مسائل کے حل کے لیے اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کر دی، جو ایک ہفتے میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ کمیٹی میں ڈی جی آئل، اوگرا، اوٹکا اور او سی اے سی کے نمائندے شامل ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے اوگرا کو آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو فریٹ کنٹریکٹس کی تحریری پالیسی جمع کرانے کا بھی کہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک بھر میں عوام کو بلاتعطل ایندھن کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔