باکو: آذربائیجان نے آرمینیا کو ڈیزل ایندھن کی ایک اور کھیپ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان جاری براہِ راست توانائی تعاون کا تسلسل ہے۔
رپورٹس کے مطابق 21 اپریل کو روانہ کی جانے والی اس کھیپ میں ڈیزل سے بھرے 16 ریلوے ویگنز شامل ہوں گے، جو حالیہ مہینوں میں بحال ہونے والی سرحد پار توانائی تجارت کی عکاسی کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ آذربائیجان سے آرمینیا کو براہِ راست ایندھن کی ترسیل کا آغاز 18 دسمبر 2025 کو ہوا تھا، جب صدر الہام علییف کی جانب سے اکتوبر 2025 میں ٹرانزٹ پابندیاں ختم کرنے کے اعلان کے بعد یہ سلسلہ دوبارہ شروع کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق اب تک آذربائیجان ہزاروں ٹن ایندھن برآمد کر چکا ہے، جس میں 6,312 ٹن ڈیزل، 979 ٹن RON92 پٹرول اور 2,955 ٹن RON95 پٹرول شامل ہیں۔ اس سے قبل 14 اپریل کو بھی ایک کھیپ آرمینیا بھیجی گئی تھی، جس میں 22 ریلوے ویگنز کے ذریعے 1,298 ٹن ڈیزل منتقل کیا گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ایندھن کی یہ مسلسل ترسیل جنوبی قفقاز میں معاشی روابط کے فروغ اور باہمی تعاون کی اہم علامت ہے، جو مستقبل میں تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
















Add Comment